حکومت نے وادی سوات میں 4 جی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا

سوات :پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کو راغب کرنےاور سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم اقدام، وفاقی حکومت نے وادی سوات میں 4 جی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا- تفصیلات کے مطابق وفاقی وزير مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ جلد ہی سوات میں فور جی ٹیکنالوجی کی سہولت میسر ہوگی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہاکہ سوات کا ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ پراجیکٹ ایک سال میں مکمل ہوجائے گا ، سوات میں متعدد گاؤں میں انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوگی، ملکی اور غیرملکی ٹورسٹ کو انٹرنیٹ مہیا ہوگا۔وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویڑن اور سیاحتی مقامات پرسیاحوں اور مقامی افراد کو سہولیات دینے کے عزم کی تکمیل کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن نے دنیا کے حسین ترین خطوں میں شامل پاکستان کے سوئٹزرلینڈ وادی سوات کیلئے 2 اہم ترین منصوبے شروع کردیئے۔پہلے منصوبے کے تحت سوات کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے افراد کیلئے 78 کروڑ روپے سے زائدلاگت سے یونیورسل سروس فنڈ ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم کریگا جبکہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت مینگورہ میں 22 ہزار مربع فٹ پر جدید سہولیات ستے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائیگااس سلسلے میں جمعرات کو منعقدہ اہم تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید شریک ہوئے اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری، مینجنگ ڈآئریکٹر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ عثمان ناصر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے کہا کہ تاریخی تہذیب و تمدن رکھنے کے ساتھ ضلع سوات وجہ شہرت اس کی حسین ترین وادیاں، دریا، پہاڑ ہیں جو اسے سیاحوں کی جنت بناتے ہیں،ہماری خواہش تھی کہ اس خوبصورت علاقے کو ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کرنے کیلئے ٹیکنالوجی سے متعلق تمام سہولیات سے بھی آراستہ کریں۔