شر پسند عناصر پاکستان کی ترقی و استحکام کے مخالف ہیں،صدر مملکت

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی جانب سے دی گئی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مشکل حالات اور محدود وسائل کے باوجود پولیس نے قیام امن اور عوام کی حفاظت کے لئے مثالی کردار ادا کیا اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم، ملک و قوم کی سلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی مقروض ہے، آج اس عزم کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہمیں متحد ہوکر تمام داخلی و بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے کیونکہ شر پسند عناصر پاکستان کی ترقی و استحکام کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکورٹی ادارے بشمول پولیس دشمن کے خلاف مصروف عمل ہیں اور انشاءاللہ جلد ان عناصر کا قلع قمع کر دیا جائے گا۔