وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں بھارت کی جانب سے کشمیر میں پاکستان کی سرحد پر کلسٹر بموں کے استعمال اور قومی سلامتی کے دیگر امور کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی سلامتی کے اجلاس میں بھارتی جارحیت سے نمٹنے اور جواب دینے سے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر کلسٹر بم استعمال کررہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف ہوا ۔ بھارتی فوج کی جانب سے استعمال کیے جانے والے کلسٹر بموں سے 4 سال کے بچے سمیت دو افراد شہید اور 11 شدید زخمی ہوئے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر شہری آبادی کو کلسٹر ایمونیشن سے نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کی رات نیلم ویلی پر کلسٹر ایمونیشن کا استعمال کیا۔ جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اس معاملے جا جائزہ لینے کے لیے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ خیالر ہے کہ اس سے قبل ترجمان دفترِ خارجہ پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتیجارحیت کے جواب میں اعلان کیا ےتھا کہ بھارت نے شہری آبادی پر کلسٹر بموں کا استعمال کیا جس کا پاکستان بھرپور جواب دے گا۔پاکستانی دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی تھی اور ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا اور کلسٹر بموں کا استعمال کیا، بھارتی فوج کی جارحیت انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت ابھی تک 27 فروری بھولا نہیں ہو گا اور اس نے معصوم شہریوں پرکلسٹر بموں کا استعمال شروع کر دیا ہے لیکن پاکستان کو بھارتی اشتعال انگیزی کسی صورت قابل برداشت نہیں، بھارت کو اس کا مناسب اور بھر پور جواب دیا جائے گا۔