بھارتی الزام محض پروپیگنڈا ہے، آصف غفور

راولپنڈی: پاک فوج نے لائن آف کنٹرول عبور کرنے کا بھارتی الزام مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی الزام محض پروپیگنڈا ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ ایل او سی کے پار پاکستانی کارروائی پر بھارتی الزام محض پروپیگنڈا ہے، اس طرح کے الزامات مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، یہ بھارت کا جھوٹ اور ڈرامہ پر مبنی واویلا ہے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ لاشیں قبضے میں لینے کا بھارتی الزام بھی محض پروپیگنڈا ہے، پاک فوج نے لائن آف کنٹرول عبور نہیں کی، بھارتی الزام سراسر غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم میںاضافہ کردیا ہے۔ بھارتی الزامات کا مقصد مقبوضہ وادی میں بھارتی درندگی سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج ظلم و ستم کے پہاڑ گرا رہی ہے۔