واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کو قبول نہ کرنے والوں کے ساتھ کیا ہوگا؟

لاہور : معروف میسیجنگ سروس واٹس ایپ نے پرائیویسی پالیسی قبول نہ کرنے والوں کے لیے اہم پیغام جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں واٹس ایپ نے کہا کہ واٹس ایپ صارفین کے ذاتی پیغامات نہیں دیکھ سکتا اور نہ ہی کمپنی نئی پالیسی قبول نہ کرنے پر صارف کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرے گی کیوں کہ صارف جب چاہے نئی پالیسی قبول کرسکتا ہے۔واٹس ایپ کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ کیلنڈر چیک کریں، کافی ڈالیے، آئیے یہ کرتے ہیں۔ ہم آپ کے ذاتی پیغامات نہیں دیکھ سکتے، نہ ہی ہم آپ کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کریں گے، جی ہاں آپ جب چاہیں ہماری پالیسی قبول کرسکتے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے پہلے معروف میسیجنگ سروس واٹس ایپ نے اپنے ایک بیان میں وضاحت دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پرائیویسی پالیسی نہ ماننے والے صارفین کا اکاؤنٹ فوری طور پر ڈیلیٹ نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ 2021ء کے آغاز میں واٹس ایپ کی جانب سے نئی پرائیویسی پالیسی کے نوٹیفکیشن ارسال کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ اس وقت فیس بک سے ڈیٹا شیئر کرنے کی رپورٹس پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور واٹس ایپ نے پالیسی کا اطلاق مئی تک ملتوی کردیا۔ فیس بک اور واٹس ایپ کے درمیان ڈیٹا شیئر کرنے کا سلسلہ 2016ء سے جاری ہے، نئی پالیسی میں اس کو زیادہ واضح کردیا گیا تھا۔