بھارتی فوج کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر کلسٹر بم استعمال کررہی ہے،آصف غفور

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر کلسٹر بم استعمال کررہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف ہوا ۔بھارتی فوج کی جانب سے استعمال کیے جانے والے کلسٹر بموں سے 4 سال کے بچے سمیت دو افراد شہید اور 11 شدید زخمی ہوئے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر شہری آبادی کو کلسٹر ایمونیشن سے نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کی رات نیلم ویلی پر کلسٹر ایمونیشن کا استعمال کیا۔بھارتی فوج کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر کلسٹر ایمونیشن استعمال کررہی ہے۔بچوں اور خواتین پر آرٹلری کے ذریعے کلسٹر بم پھینکا گیا۔ حالانکہ کلسٹرایمونیشن معاہدے کے تحت غیرمسلح افراد کے خلاف کلسٹربموں کا استعمال ممنوع ہے۔ کلسٹر کنونشن کے تحت کلسٹر ایمونیشن کا استعمال ممنوع ہے۔ کلسٹر ایمونیشن کا استعمال بھارتی جنگی جنون کا غماز ہے ۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق رواں سال بھارت نے اب تک 1824 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں اب تک 16 افراد شہید، 105 زخمی ہوئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ کلسٹر بموں کے استعمال نے بھارتی فوج کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ عالمی برادری کو چاہئیے کہ وہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے بارہا امن مذاکرات کی پیشکش کے باوجود بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے جو بھارت کی ہٹ دھرمی اور امن مذاکرات میں عدم دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔