اورکزئی:ضلعی انتظامیہ کا کورونا ا یس او پیز کی خلاف ور زی کرنے والوں کیخلاف کارروائی، 30افراد گرفتار

پشاور:ضلعی انتظامیہ اورکزئی کی جانب سے کورونا احتیاطی تدابیر کی خلاف ور زی کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں 30افراد کو گرفتار کیاگیا۔ پانچ دکانوں کو سیل کیا گیا۔ 18افراد کو جرمانہ جبکہ دو ایف آئی آر درج کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر اور وائرس کے پھیلائو کے تدارک کے پیش نظر حکومتی احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ اورکزئی نے متعدد اقدامات اٹھا رکھے ہیں اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور مفاد عامہ کی خاطر مختلف پابندیاں لگائی گئی ہیں جن کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کیخلاف سانگھڑا اور مشتی میلہ بازاروں میں کارروائی عمل میں لائی گئی اور اس سلسلے میں 30افراد کو گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن مشتی اور کلایہ منتقل کیا گیا۔اسی طرح پانچ دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ 18افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دو ایف آئی آر درج کی گئیں۔