کورونا وائرس: 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کا عمل شروع

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پیر سے 40 سال کی عمر کے افراد کی ویکسینیشن شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جون تک 1 کروڑ 90 لاکھ ویکسین کی خوراکیں وصول ہو جائیں گی، ویکسین کا عمل مربوط حکمت عملی کے تحت شروع کیا گیا ہے، یہ کہنا بے بنیاد ہے کہ حکومت ویکسین صرف عطیات کی مد میں لے رہی ہے، پاکستان میں ویکسین کی فراہمی بروقت اور بڑے سوچے سمجھے طریقے سے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جون تک 19 ملین سے زائد خوراکیں جون تک وصول ہو جائیں گی، ان میں سے 90 فیصد خوراکیں خریدی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 3 کروڑ خوراکیں خریدنے کے لیے ڈیل سائن کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 7 کروڑ لوگوں کو اس سال کے آخر تک ویکسین دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً ہر روز 1 لاکھ 50 خوراکیں ویکسین کی دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا 3 لاکھ خوراکیں دینے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کے 100 ملین افراد ایسے ہیں جن کو ویکسین لگ سکتی ہے، باقی 18 سال سے کم عمر لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ اس سال کے آخر تک ہم 7 کروڑ لوگوں کو ویکسین لگا لیں، اس موجودہ صورتحال میں بھی ہم ویکسین مہیا کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند ممالک جو ویکسین تیار کر رہے ہیں، انہوں نے ایکسپورٹ پر پابندی لگا دی ہے، اس صورتحال میں بھی پاکستان ویکسین مہیا کر رہا ہے، اس میں چین نے ہماری بہت مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی 3 کروڑ خوراکیں خریدنے کا معاہدہ طے پا چکا ہے، 25 لاکھ افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین لگا چکے ہیں۔