قبائلی ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کےشاہین آفریدی نے وسیم اکرم کا 34 سالہ ریکارڈ برابر کردیا

ہرارے : قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سابق کپتان وسیم اکرم کا 34 سالہ ریکارڈ برابر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کرتے ہوئے وسیم اکرم کا ریکارڈ برابر کردیا۔ شاہین آفریدی نے 50 وکٹیں 16 ٹیسٹ میچز میں حاصل کی ہیں جبکہ وسیم اکرم نے بھی 1987ء میں 50 وکٹیں اتنے ہی ٹیسٹ میچز میں حاصل کی تھیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہین نے وسیم اکرم جتنی عمر میں ہی 50 وکٹیں مکمل کی ہیں۔ دونوں بائولرز نے جب 50،50 وکٹیں مکمل کیں تو ان کی عمریں 21،21 برس تھیں ۔ لیگ سپنر یاسر شاہ کے پاس تیز ترین 50 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستانی بائولر ہونے کا اعزاز ہے، انہوں نے 9 میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔کم ترین میچز میں 50 وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ آسٹریلین بولر چارلس ٹرنر کے پاس ہے جس نے یہ ریکارڈ 1888ء میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔واضح رہے کہ شاہین آفریدی نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف زمبابوین ٹیم 176 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنالیے ہیں، عابد علی 56 اور عمران بٹ 43 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔