وزیراعظم عمرا ن خان سے صادق سنجرانی کی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم عمرا ن خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے صادق سنجرانی کوایوان کا اعتماد حاصل ہونے پر مبارکباد دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمرا ن خان سے آج وزیراعظم ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں شبلی فراز، پرویزخٹک، بیرسٹرمحمد علی سیف بھی موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے اور ایوان کا اعتماد حاصل ہونے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان کو سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کیلئے ایوان کی کاروائی اوراپوزیشن کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان کا اعتماد ایوان کی کاروائی احسن طریقے سے چلانے کی تصدیق ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے پہلے بھی احسن طریقے سے ذمہ داریاں ادا کیں۔ امید ہے آئندہ بھی آپ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے رہیں گے۔ واضح رہے گزشتہ روز سینیٹ میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی، جس میں حکومت کے حمایت یافتہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئیں۔