پاکستان کی دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کیلئےاقوام متحدہ کی کوششوں کی تعریف

اقوام متحدہ:پاکستان نے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کو یقینی بنانے کے مقصد کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کی مہم کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا ویکسین سے متعلق غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے اور موثر انداز میں معلوماتی پیغام پہنچانے کے لیے مختلف زبانوں کا استعما ل کیا جائے۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی پریس قونصلر مریم شیخ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ماتحت ادارہ کمیٹی آن انفارمیشن یعنی معلوماتی کمیٹی میں ہونے والی عام بحث میں کہا کہ کثیر السانیت اور اس کا فروغ اقوام متحدہ کے مقاصد میں سے ایک ہے ۔پاکستانی مندوب نے اردو اور دیگر غیرسرکاری زبانوں میں سیکرٹری جنرل کے اہم پیغامات کاترجمہ کر نے پر اقوام متحدہ کے ڈیپارٹمنٹ آف گلوبل کمیونیکیشنز (ڈی جی سی) کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا کہ وہ رکن ریاستوں کے مابین بات چیت کا آغاز کرے تاکہ جھوٹی خبروں کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے اور منظم طور پر غلط معلومات کو پھیلانے والے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ دنیا کے بیشتر غریب افراد کے پاس قابل اعتماد ، سستی انٹرنیٹ رسائی کی کمی ہے اور وہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ نہیں کر سکے۔ وبا کے دوران انٹرنیٹ رابطے پر منحصر آلات اور انٹرنیٹ ڈیوائسز پر انحصار بڑھتا ہوا نظر آیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ پر جھوٹی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلائو میں بھی بے انتہا اضافہ ہوا ہے لہذا اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے مینڈیٹ اور موجودہ وسائل کے اندر رہتے ہوئے اس ڈیجیٹل تفریق کو دور کرنے کے لئے جدید حکمت عملی تیار کریں ۔انہوں نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران غلط معلومات اور جھوٹی خبروں کے تدارک کے اقوام متحدہ کے مقصد کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کے ڈیپارٹمنٹ آف گلوبل کمیونیکیشنز (ڈی جی سی) کے ‘تصدیق شدہ اقدام’ کے ذریعہ کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ پاکستانی مندوب نے ڈی سی جی پر بھی زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک میں مواصلات کے بنیادی ڈھانچے اور صلاحیتوں کے فروغ کے لئے اپنے تکنیکی تعاون اور مدد میں اضافہ کرے اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات سرانجام دینے والے ممالک کے دستوں اور پولیس کے تعاون کی شراکت اور خاص طور پر کورونا وائرس کی وبا کے دوران امن مشنز کے اہلکاروں کی قربانیوں کو بھی اجاگرکرے