ن لیگ نے شوکاز نوٹس بھیج کر پیپلزپارٹی کی توہین کی، شیخ رشید احمد

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ن لیگ نے شوکاز نوٹس بھیج کر پیپلزپارٹی کی توہین کی ہے، ایسا برتائو تو جاگیردار مزاروں کے ساتھ بھی نہیں کرتے جیسا برتائو ن لیگ نے پیپلزپارٹی کے ساتھ کیا ہے، اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ بلاول بھٹو کی جانب سے شوکاز نوٹس پھاڑنے پر نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے شوکاز نوٹس بھیج کر پیپلزپارٹی کی توہین اور بے عزتی کی ہے، بلاول بھٹو کا ردعمل درست ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں ایسی اپوزیشن اور مریم نواز جیسی اپوزیشن لیڈر ملی ہیںِ، ان میں عقل ہے اور نہ ہی شعور، یہ کمپنی کی مشہوری کیلئے لڑائی لڑ رہے ہیں، ن لیگ پہلے ہی قومی اداروں کے خلاف غیراخلاقی اور غیرپارلیمانی زبان استعمال کر کے اپنا ستیاناس کر چکی ہے، اب اس نے پیپلزپارٹی اور اے این پی کے ساتھ بھی وہی سلوک کیا ہے، آنے والے دنوں میں مزید ایک دو جماعتوں کے بارے میں بھی سن لیں گے، ن لیگ میں نہ مانوں والی پارٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈسکہ انتخابات میں جمہوریت جیتی ہے، ن لیگ پہلے بھی وہاں سے جیتی ہوئی تھی اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے، ڈسکہ انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کی جماعت نے جتنے ووٹ لئے ہیں ،اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پنجاب میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔لانگ مارچ سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کیلئے مہنگائی بڑا چیلنج ہے اور وزیراعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پا لیں گے، اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، یہ پہلے بھی حکومت گرانے کیلئے ہر حربہ استعمال کر چکی ہیں لیکن انہیں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا، آئندہ بھی عوام ان لوگوں کو مسترد کریں گے۔