پاکستان کی برآمدات میں 88.1 ارب ڈالر اضافہ

اسلام آباد:پاکستان کی برآمدات میں 88.1 ارب ڈالر تک اضافہ کی استعداد ہے، ملک کے معاشی حجم اور ترقی کی شرح سمیت بڑھتی ہوئی معاشی سرگرمیوں کے باعث پاکستان اپنی برآمدات کی موجودہ سطح سے چار گنا زیادہ برآمدات کر سکتا ہے۔ عالمی بینک نے اپنی رپورٹ پاکستان ڈویلپمنٹ اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ برآمدات اور برآمدات کی صلاحیت میں کافی فرق ہے اور اگر برآمدات میں اضافہ کی استعداد اور روایتی کی بجائے غیر روایتی منڈیوں تک رسائی کے علاوہ ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کی تیاری پر توجہ دی جائے تا برآمدات کاحجم 88 ارب ڈالر سے بڑھایا جا سکتا ہے۔ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ جس طرح ویتنام کی برآمدات 10 سال اور بنگلہ دیش کی برآمدات 13 سال کے دوران بڑھی ہیں اگر پاکستان بھی اسی طرح کے اقدامات کرتے تو برآمدات میں چار گنا تک اضافہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ عالمی بینک نے مزید کہا ہے کہ برآمدات کے فروغ کی استعداد سے استفادہ نہ کر سکنے کی وجہ سے پاکستان روزگار کے 8 لاکھ 93 ہزار نئے مواقع اور ٹیکسز کی مد میں 1.74 ارب ڈالر سے محروم ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق برآمدات کے فروغ سے زرعی شعبہ میں ایک لاکھ 52 ہزار جبکہ مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں 7 لاکھ 41 ہزار نئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔عالمی ادارہ نے مزید کہا کہ بھرپور استعداد کے حامل شعبہ سے استفادہ کے تحت قومی برآمدات کو بڑھا کر مختلف ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی مد میں بھی پاکستان کے محصولات میں 1.74 ارب ڈالر کے مساوی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق برآمدات کے فروغ کےلئے کاروباری آسانیوں میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ،ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کی تیاری سمیت غیر روایتی منڈیوں تک رسائی پر خصوصی توجہ کی ضروری ہے