قبائلی ضلع مہمند میں 60 سال اور زائد عمر افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع

مہمند، ضلع مہمند کے قبائلی مشران سمیت 60 سال سے زائد عمر کے 45 افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال غلنئی کورونا ویکسینیشن سنٹر میں ضلع مہمند کے تمام تحصیلوں کے قومی مشران اور سرکاری حکام کو بھی ویکسین لگائی گئی۔ عوامی ویکسینیشن آغاز تقریب میں ڈپٹی کمشنر غلام حبیب، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حیات آفریدی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ثمین شنواری اور دیگر حکام کی شرکت۔ معمر اور بزرگ افراد سے مفت ویکسینیشن سے فائدہ اٹھانے کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند کے ہیڈ کوارٹر غلنئی ہسپتال میں محکمہ صحت مہمندکی جانب سے علاقے کے ساٹھ سال سے زائد افراد کے عام لوگوں کی ویکسینیشن آغاز کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں ڈپٹی کمشنر غلام حبیب، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد حیات آفریدی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ غلنئی ہسپتال ڈاکٹر ثمین شنواری، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صلاح الدین، اسسٹنٹ کمشنر اپر حامد اقبال اور ضلع مہمند کے تمام تحصیلوں کے سرکردہ قبائلی مشران نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر 60 سال سے زائد عمر کے37 قبائلی مشران،8 سرکاری حکام اور اہلکاروں کو کورونا سے بچاؤ کے ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی۔اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد حیات آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع مہمند میں عام لوگوں کو کورونا ویکسینیشن خوشی کا مقام ہے۔ حکومت کی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضلع مہمند کے تمام 60سال سے زائد کے مردو خواتین ہیڈ کوارٹر ہسپتال غلنئی، آر ایچ سی یکہ غنڈ لوئر مہمند اور تحصیل صافی مامد گٹ ہسپتال تشریف لے جاکر اس عالمی وباء سے بچاؤ کے ویکسین لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین لگانے والے افراد بھی لازمی طور پر حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھیں۔ تاکہ دوسروں کی زندگی کی حفاظت کا خیال رکھیں۔