قبائلی ضلع خیبر میں کار چوروں کیخلاف کریک ڈاون، 27 مسروقہ گاڑیاں برآمد، چابیاں مالکان کے حوالے

خیبر: کیپٹل سٹی پولیس آفیسر احسن عباس نے ضلع خیبر میں 27 مسروقہ گاڑیوں اور پانچ موٹر سائیکل برآمد ہونے کے بعد اصل مالکان کا سراغ لگا کر چابیاں ان کے حوالہ کی ہیں، گاڑیاں حوالگی کی خاطر ڈی پی او خیبر وسیم ریاض کے دفتر میں ایک سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں سی سی پی او عباس احسن، ڈی پی او ضلع خیبر وسیم ریاض سمیت انٹی کار لفٹنگ سیل خیبر کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی، مسروقہ گاڑیاں واپس ملنے پر صوبہ سندھ، پنجاب اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد نے خصوصی طور پر ضلع خیبر پولیس کا شکریہ ادا کیا، واضح رہے کہ ضلع خیبر پولیس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران کارچوری میں ملوث گروہوں کا سراغ لگا کر ان کے قبضہ سے 27 قیمتی مسروقہ گاڑیاں اور پانچ موٹر سائیکل بھی برآمد کئے ہیں، کریک ڈاون کے دوران جعلی کاغذات اور انجن چیسز نمبرات تبدیل کرنے والے افراد کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، کریک ڈاون کے دوران پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں سرگرم کار چور نیٹ ورک کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔اس موقع پر سی سی پی او عباس احسن نے کہا کہ فاٹا انضام کے بعد پولیس کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے بخوبی نبرد آزما ہو نے کی خاطر ضلع خیبر پولیس کی جانب سے مختلف یوٹنس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مسروقہ گاڑیوں کے کاروبار اور چوری میں ملوث عناصر کی سرگرمیوں کو ختم کرنے کی خاطر خیبر پولیس نے خصوصی انٹی کار لفٹنگ سیل قائم کیا ہے جنہوں نے ضلع خیبر کی تاریخ میں پہلی بار مسروقہ گاڑیوں کے گھناونے فعل میں ملوث گروہوں کو نشانہ بنایا، انہوں نے اس موقع پر فاٹا انضمام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انضمام سے علاقہ میں امن و خوشحالی کے ایک نیا دور شروع ہو گا،ڈی پی او ضلع خیبر وسیم ریاض نے سی سی پی او عباس احسن کو کریک ڈاون کے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی کارروائیوں کے دوران پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں سرگرم منظم موٹر کار چورنیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا ہے جن کا ڈیٹا اور دیگر ضروری معلومات حاصل کرنے کے بعد متعلقہ اضلاع اور پنجاب پولیس سے رابطہ قائم کیا جا رہا ہے،سی سی پی او عباس احسن نے آخر میں کریک ڈاون میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر حصہ لینے والی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے بھی نوازا