قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں تھری جی، فورجی سروس اَپ گریڈ

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے جنوبی وزیرستان دورہ کے بعد موبائل فون کمپنیوں نے علاقہ میں فورجی اور تھری جی سروس اَپ گریڈ کر دی ہے۔پی ٹی اے نے جنوبی وزیرستان میں ٹیلی کام سروسز کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے حال ہی میں کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے کیا ہے، موبائل فون آپریٹرز کو سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ڈیٹا سائٹس کی اَپ گریڈیشن کی بھی ہدایات کی گئیں۔موبی لنک جاز، جو جنوبی وزیرستان میں تھری جی ڈیٹا کی خدمات مہیا کر رہا تھا، نے فروری 2021ء میں اپنی تمام تھری جی سائٹس کو فور جی میں اَپ گریڈ کر دیا تھا۔حال ہی میں یو فون نے بھی جنوبی وزیرستان میں اپنی ٹو جی سائٹس کو تھری جی میں اَپ گریڈ کر دیا جس کے بعد توقع ہے کہ اِن خدمات سے مقامی افراد بالخصوص طلبہ بھرپور استفادہ کر سکیں گے۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ علاقے میں ٹیلی کمیونی کیشن کے بنیادی ڈھانچے کو مزید فروغ دینے کے لئے موبائل آپریٹرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ علاقے کی آبادی کو بہتر آواز اور ڈیٹا خدمات فراہم کی جاسکیں۔