پاکستان افغانستان میں دیر پا امن اور استحکام کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لیوروف نے ملاقات کی جس میں دفاع اور سلامتی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے، علاقائی سلامتی خصوصاً افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل افتخار بابر کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لیوروف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔ معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام بلخصوص افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کیا اور سراہا ۔روسی وزیر خارجہ سرگئ لیوروف نے کہا کہ پاک روس تعلقات ایک مثبت سمت پر گامزن ہیں اور مختلف شعبوں میں ترقی کرتے رہیں گے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتاہے اور دوطرفہ فوجی تعاون بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ پاکستان ان تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو افغانستان میں امن و استحکام لاسکتے ہیں،اس سے پورا خطہ مستفید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کسی بھی ملک کے خلاف کوئی مخاصمانہ عزائم نہیں ہیں اور ہم خودمختاری ،مساوات اور باہمی ترقی پر مبنی ایک کوآپریٹو ریجنل فریم ورک کی طرف کام کرتے رہیں گے۔