وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر قبضہ مافیا کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی تیاریاں شروع

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے جبکہ پاکستان سیٹیزن پورٹل پر عوام کی سہولت کیلئے خصوصی کیٹگری الاٹ کردی گئی ہے،خصوصی کیٹگری کی بدولت قبضہ مافیا سے متعلق شکایات باآسانی متعلقہ حکام تک پہنچائی جاسکیں گی۔ پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو )سے جاری تفصیلات کے مطابق قبضہ مافیا سے متعلق خصوصی کیٹگری کا اعلان وزیراعظم عمران نے 4 اپریل کو عوامی رابطے کے پروگرام میں کیا تھا،پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی جانب سے تمام چیف سیکرٹریز، آئی جیز، چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق تمام چیف سیکرٹریز متعلقہ محکموں کے افسران، کمشنرز، ڈی آئی جیز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو معاملے کی سنگینی پر خصوصی ہدایات دینگے۔مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ قبضہ مافیا سے متعلق وہ شکایات جو کسی بھی عدالت میں زیر سماعت ہو ان پر کوئی کاروائی نہیں کی جائے گی،نجی اراضی کے معاملات میں دونوں اطراف کی شنوائی ضروری ہوگی،قبضہ مافیا سے متعلق کی گئی شکایات پر کاروائی کی مد میں تمام چیف سیکرٹریز کی جانب سے سہ ماہی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی،قبضہ مافیا کے خلاف کاروائیاں نہ کرنے پر افسران کا احتساب کیا جائے گا۔مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے جہاں نجی اراضی پر قبضہ کا خاتمہ ہوگا وہاں سرکاری اراضی بھی قابضین سے واگزار کرائی جاسکے گی۔اس پورٹل پر پاکستانی تارکین وطن کی شکایات ترجیح بنیادوں پر حل ہوں گی۔