سوات: صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ​ہائیر سیکنڈری سکول شموزئی کے نئے عمارت کا افتتاح کردیا

سوات:خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ سوات کے جاری ترقیاتی منصوبوں میں تاریخی مقامات و عمارات کو اپنی اصلی حالت میں رہنے سمیت ان کی ضروری مرمت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ضلع سوات میں تعلیم کو مزید فروغ دینے کی غرض سے موجودہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کی منظوری و بحالی کیلیۓ ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ ریاست سوات میاں گل عبد الودود عرف باچا صاحب کے زمانے کی شموزئی سوات میں 1964میں سرکاری سکول میں تبدیل شدہ عمارت کی مرمت، تزئین و آرائش سمیت اس میں مزید نئے سٹیٹ آف دی آرٹ عمارات کی تعمیر اہل علاقہ سے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول یونین کونسل شموزئی سوات کے نئے عمارت کا افتتاح کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ تقریب میں سکول پرنسپل ایوب خان، سکول اساتذا کرام و علاقہ مشران بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ یونین کونسل شموزئی سوات میں ریاست سوات دور کے ہائی سکول کی عمارت جو کہ باچا صاحب کی یادگار سمجھی جاتی ہے، اس کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدیم ورثے و تعلیمی ادارے کو آنے والی نسلوں کے لئے یادگار و محفوظ بنانے کی خاطر اس میں 3 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت سے تزین و آرائش منصوبوں سمیت مزید تعمیراتی کام کرنے کیساتھ ساتھ جدید سائنس لیب بھی قائم کیا گیا۔ افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر نے سکول کے مختلف بلاکس سمیت کلاس رومز، دفاتر، پارک و دیگر حصوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کام پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ تقریب میں شریک اہل علاقہ و خاص طور پر نوجوانان و طلبہ نے سوات کی اس قدیم تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے اور سکول کی اپگریڈیشن و جدید سائنس لیبارٹری کے قیام پر صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کا شکریہ بھی ادا کیا۔