افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں، افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت کے فروع سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام اخوت، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔پاکستان افغانستان میں امن کے قیام کے لیے افغان حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔مستحکم اور مضبوط افغانستان پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے ۔اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان کی موجودہ حکومت افغانستان کے ساتھ وسیع البنیاد تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتی ہے۔پاکستان کی خواہش ہے کہ سی پیک منصوبہ سے افغانستان استفادہ حاصل کرے۔سی پیک منصوبہ خطے میں معاشی و اقتصادی ترقی کے لیے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہو گا۔جغرافیائی اعتبار سے افغانستان وسطی ایشیاء کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔پاک-افغان تجارت و سرمایہ کاری کے لئے قومی اسمبلی کی پاک-افغان فرینڈشپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی مرتب شدہ سفارشات پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔افغان طلباء اور مریضوں کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی سے افغان عوام پاکستان میں صحت اور تعلیم کی سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔افغان تاجروں کے لیے طویل مدتی ویزا کے اجرا سے دونوں ممالک میں تجارتی سرگرمیوں میں آصافہ ہو گا۔ افغان سفیر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی سیاسی قیادت کے مابین روابط خوش آئند ہیں۔ افغان عوام پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کی بنیادوں پر قائم رشتے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔افغانستان میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں۔ افعانستان میں پاکستان کے تعاون سے جاری منصوبوں کے لئے افغان عوام پاکستان کے مشکور ہیں۔پاکستان اور افغانستان کی سیاسی اور پارلیمانی قیادت دونوں ممالک کو مزید قریب لائے گی۔افعان حکومت اور عوام اسپیکر قومی اسمبلی کے دورہ افغانستان کے منتظر ہیں۔