صدر بائیڈن کی جانب سے پاکستانی نژاد خاتون لینا خان امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی سربراہ نامزد ہونے کا اعلان

امریکی صدر جو بائیڈن نے کولمبیا یونیورسٹی کی پاکستانی نژاد قانون کی پروفیسر لینا خان کو امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) کے کمشنر کے عہدے کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ صدر بائیڈن لینا خان کو اس عہدے پر تعینات کر کے اینٹی ٹرسٹ قوانین کو موثر اور طاقتور بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی اجاراداری پر قابو پایا جا سکے۔امریکی سینیٹ اب 32 سالہ لینا خان کی نامزدگی پر بحث کرے گی اور اگر ایوانِ بالا توثیق کر دیتا ہے تو لینا فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی تاریخ کی سب سے کم عمر کمشنر بن جائیں گی۔امریکی صدر کے اس اعلان کے بعد لینا خان نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ ان کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے اور اگر سینیٹ ان کے نام کی توثیق کر دیتی ہے تو وہ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔لینا خان برطانیہ میں آباد ایک پاکستانی خاندان میں پیدا ہوئی تھیں۔ جب وہ 11 برس کی ہوئیں تو ان کا خاندان امریکہ ہجرت کر گیا تھا۔امریکہ میں ہی ان کی تعلیم ​مکمل ہوئی اور کچھ عرصہ قبل انھوں نے ٹیکساس کے ایک کارڈیالوجسٹ شاہ علی سے شادی کی۔ وہ ولیمز کالج اور ییل لا سکول سے فارغ التحصیل ہیں۔لینا خان نیو یارک کی کولمبیا یونیورسٹی کے شعبہِ قانون میں ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں،ان کے اینٹی ٹرسٹ قوانین پر تحقیقاتی مقالے کو معتبر حلقوں میں بہت زیادہ سراہا گیا ہے اور اُن پر انھیں کئی ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔