جنوبی وزیرستان میں قیام امن کیلئے دفعہ 144 کا نفاذ

جنوبی وزیر ستان: خیبر پختونخواکے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر انتظامیہ نے ضلع بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان خالد اقبال خٹک کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ضلع میں ایک ماہ کے لیے ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش ہر پابندی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں کالے شیشے والی گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔واضح رہے کہ زلی خیل اور دوتانی قبائل کے ما بین تاحال جھڑپوں میں ابتک 4افراد جاں بحق جبکہ 9افراد زخمی ہوگئے۔زمینی تنازعہ پر زلی خیل اور دوتانی قبائل کے مابین جھڑپ جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق آزادانہ طور پر چھوٹے وبھاری ہتھیار کا استعمال ہورہاہے۔دونوں متحارب قبائل ایک دوسرے پر فائرنگ کررہاہے ۔ڈپٹی کمشنرکے مطابق زمینی تنازعات بڑھ گئے ہیں، سرعام اسلحہ کی نمائش ہورہی ہے تاہم دفعہ144 کے تحت 30دنوں کیلئے ہرقسم کی اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئ ہے ۔