انسانی ہمدردی مشن،پاک بحریہ کے جہاز نصرکا نائیجر اور بینائن میں غذائی اشیاء کی فراہمی

اسلام آباد: پاک بحریہ کے جہاز نصر نے افریقی خطے میں انسانی ہمدردی اور آفات سے نمٹنے کے مشن کے تحت کوٹونو پورٹ کا دورہ کیا۔ کوٹونو بندرگاہ آمد پر نائیجر میں پاکستان کے سفیر احمد علی سروہی، پاکستان کے اعزازی کونسلر، نائیجیریا میں پاکستان کے ڈیفنس اتاشی اور دیگر بحری حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس سے پہلے اس جہاز نے جبوتی اور سوڈان کی بندرگاہوں کا دورہ بھی کیا۔افریقی عوام سے یکجہتی اور دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے پی این ایس نصر نے نائیجر اور بینائن کے لیے غذائی امداد فراہم کی۔ غذائی امداد فراہم کرنے کی تقریب میں دونوں ممالک کے اعلٰی سرکاری و دفاعی افسران سمیت، نائیجر کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے نائب وزیر، بینائن پریزیڈنسی آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر، بینائن میں نائیجر کے سفیر، وزارت خارجہ کے جنرل سیکر یٹری اور نائیجر میں پاکستان کے سفیر نے بھی شرکت کی۔دونوں ممالک کے حکام نے پاکستان اور پاک بحریہ کے اس اقدام پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں، پی این ایس نصر نے ایسی ہی امداد جبوتی اور سوڈان کے عوام کے لیے بھی فراہم کی تھی۔کوٹونو میں دورے کے دوران مشن کمانڈر اور پی این ایس نصر کے کمانڈنگ آفیسر نے نائیجر کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے نائب وزیر، بینائن کی وزارت خارجہ کے جنرل سیکریٹری اور بینائن کے امیرالبحر سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران، باہمی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشن کمانڈر نے افریقی ممالک کے عوام کے لئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔ افریقی ممالک میں پاک بحریہ کے جہازوں کی حالیہ تعیناتی دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے نئی راہیں استوار کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔

شیئر کریں