پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سےپاکستان میں جرمنی کے سفیر کی ملاقات

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سےپاکستان میں جرمنی کے سفیر برنارڈ اسٹیفن شلاگیک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، مجموعی علاقائی صورتحال ، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور افغان امن عمل کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے ستمبر 2020 میں پاک جرمنی اسٹریٹجک مذاکرات کے 5 ویں دور کے انعقاد کو بھی سراہا اورامید ظاہر کی کی دوطرفہ تعلقات سے باہمی استفادہ ہوگا۔دورہ کرنے والے معززمہمان نے خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی مستقل کوششوں کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔