سینٹ الیکشن: تحریک انصاف کے گوردیپ سنگھ خیبر پختونخوا سے کامیاب ہونے والے پہلے اقلیتی رہنما بن گئے

پشاور: سینٹ الیکشن، تحریک انصاف کے گوردیپ سنگھ خیبر پختونخوا سے کامیاب ہونے والے پہلے اقلیتی رہنما بن گئے.بدھ کے روز برسراقتدار پاکستان تحریک انصاف کے گوردیپ سنگھ سینٹ میں صوبہ خیبر پختونخوا سے پہلا اقلیتی نمائندہ بن گئے،گوردیپ سنگھ نے سینٹ کے انتخاب میں اقلیتی نشست پر حریف امیدواروں کو بڑے مارجن سے شکست دی،گوردیپ سنگھ نے 145 میں 103 ووٹ حاصل کیے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار رنجیت سنگھ نے 25 اور عوامی نیشنل پارٹی کے آصف بھٹی نے 12 ووٹ حاصل کیے۔الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ پریذائیڈنگ آفیسر نے اقلیتی امیدواروں کے پانچ ووٹ مسترد کردیئے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے دعوی کیا تھا کہ سنگھ 102 ووٹ حاصل کریں گے جبکہ انہوں نے ایک اضافی ووٹ حاصل کیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حزب اختلاف کے ایک ممبر نے بھی ان کے حق میں ووٹ دیا۔گوردیپ سنگھ کا تعلق ضلع سوات سے ہے۔