وزیراعظم عمران خان کا پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم اور تحریک انصاف نے متفقہ فیصلہ کیا کہ ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے،قوم کو پتا چل جائے گا کون کہاں کھڑا ہے، جو عمران خان کے ساتھ ہیں وہ واضح دکھائی دیں گے،باقی اپوزیشن کی صفوں میں چلے جائیں ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا،اجلاس میں حفیظ شیخ کی شکست کے بعد کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔اجلاس کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی سیٹ پر پہلے دن سے اشارے مل رہے تھے ان کو نہ چاہتے ہوئے بھی یقین دلایا گیا کہ پریشان نہ ہوںآ پ کی جیت میں ہر حربہ استعمال ہوگا، عمران خان کے بیانیئے پر آج ایک مہر ثبت کردی گئی۔ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا، پچھلے سینیٹ الیکشن میں جب ضمیروں کو خریدا گیا تو ہم نے فی الفور ایکشن لیا اور 20ارکان کو پارٹی سے رخصت کیا۔ اس کوسامنے رکھتے ہوئے ہم نے جمہوریت کے چیمپیئنز کو دعوت دی کہ آؤ اوپن بیلٹ کرتے ہیں، آئینی ترمیم کی کوشش کی، اسمبلی میں ترمیم کو لے کر گئے، پارلیمنٹ میں دو بڑی جماعتوں کا رویہ دیکھا انہوں نے بحث ہی نہیں ہونے دی۔ابہام کو دور کرنے کیلئے آئین اس بارے کیا رائے رکھتا ہے؟ ہم سپریم کورٹ ریفرنس لے کر گئے کیونکہ سپریم کورٹ کے پاس آئین کی تشریح کا حق ہے، سپریم کورٹ کی رائے کا بھی ہم نے احترام کیا، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو آئین کے عین مطابق الیکشن کروانے کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ لیکن الیکشن کمیشن پاکستان شفافیت دکھانے میں ناکام رہا، ایک ویڈیواور آڈیو سامنے آئی ، تو فواد چودھری ایک رات پہلے الیکشن کمیشن گئے لیکن وہاں سناٹا تھا ، وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔