خیبر: پاک فوج کے تعاون سے ملاگوری میں پاکستان سپورٹس فیسٹیول کے مقابلے اختتام پذیر

خیبر: ملاگوری میں تیراہ رائفلز کے زیر اہتمام منعقدہ پاکستان سپورٹس فیسٹیول کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ اس حوالے سے چمن آباد گراؤنڈ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ تیراہ رائفلز کے کرنل خُرم رشید تھے۔ اس موقع پر 215ونگ کے کرنل عمران، میجر سُلطان، ایس ایچ او آرمان گل ملاگوری، ملک عبدالمنان، ملک بادشاہ گل،حاجی جماعت میر، گل سیف خان،صوبیدار (ر)سبز علی، شاہ محمد استادسمیت مقامی کھلاڑیوں اور شائقین نے شرکت کی۔ فیسٹیول میں والی بال کے آٹھ، کرکٹ کے چھ، فٹ بال کے چھ جبکہ بیڈ منٹن کے 11ٹیموں نے حصہ لیا۔ جس میں فٹ بال میں غوری کلب، کرکٹ میں اسماعیل کلب، والی بال میں ابرار کلب اور بیڈ مینٹن میں اکبر علی کلب نے اپنے نام کرلئے۔ شرکاء سے اپنے خطاب میں کمانڈنٹ تیراہ رائفلز کرنل خُرم رشید نے کہا کہ قوم ملاگوری کے کھلاڑیوں میں کھیل کود میں دلچسپی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور اس طرح کے مقابلوں کی انعقاد سے ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود صحت مند معاشرے کیلئے انتہائی ضروری ہے اور کھیلوں کے میدان آباد کرانے کیلئے کوشاں ہیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں ملک عبدالمنان ملاگوری نے کہا کہ تیراہ رائفلز کی جانب سے اس فیسٹیول کے انعقاد پر پوری قوم ان کے مشکور ہے اور اس طرح کے مثبت سرگرمیوں کے انعقاد سے علاقے کے مقامی نوجوانوں میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے مواقع مل جائے گے۔ انہوں نے کہا کہ ملاگوری کے عوام علاقے میں امن واما ن کے قیام کے لئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آخر میں مہمان خصوصی کمانڈنٹ تیراہ رائفلز کرنل خُرم رشید نے فیسٹیول میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں، رنر اپ ٹیموں اور جیتنے والے ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔