آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، مجموعی علاقائی سلامتی بشمول افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات سے قبل ازیںپاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاجسٹک تنصیبات اور ورکشاپ کا دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ورکشاپ کی مختلف سہولیات اور انفراسٹرکچرز کا دورہ کیا جس میں فوج کے لئے ٹرانسپورٹ کی خصوصی اشیا کی وسیع رینج تیار کی جاتی ہے ۔آرمی چیف کو ان سہولیات، گاڑیوں کی اپ گریڈیشن میکانزم اور سنٹرل اسٹورز کو سنبھالنے کے بارے میں بریف کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے جدید ترین معیار کے مطابق معیاری انجینئرنگ کے طریقوں ، سہولیات اور خدمات کی فراہمی میں ورکشاپ کی کارکردگی اور عزم کی تعریف کی۔