پاکستان امن کیلئے کھڑا ہے، للکارا گیا تو پوری قوت سے جواب دیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان اور شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان امن کیلئے کھڑا ہے، جب للکارا گیا تو پوری قوت کے ساتھ جواب دیں گے۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرنے کے 2 سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے ترجمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا۔انہوں نے لکھا کہ 27 فروری 2019 اس عہد کا دن ہے کہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کا ہمیشہ دفاع کرے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے لکھا کہ پرعزم قوم کی جرات اور حوصلہ آخر میں فتح دیتا ہے۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے تاہم جب للکارا گیا تو پوری قوت کے ساتھ جواب دیں گے۔