پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو بتانا چاہتا ہوں کہ قبائلی کبھی اپنی ماں دھرتی کا سودا نہیں کرتے، شہریارآفریدی

ملتان: چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیرشہریارآفریدی نے کہا ہے کہ ہمیں دنیا کی ترقی یافتہ قوموں کامقابلہ کرنے کے لیے تمام شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا اوریہ کام ہماری نوجوان نسل بہتر انداز میں کرسکتی ہے۔مودی کاچہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا ہے اوراس کے عزائم کھل کرسامنے آچکے ہیں۔ مسلم ممالک متحد نہ ہونے کی وجہ سے آج شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ پشتون تحفظ موومنٹ(پی ٹی ایم) کو بتانا چاہتا ہوں کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور قبائلی کبھی اپنی ماں دھرتی کا سودا نہیں کرتے۔ ہمیں اپنے ہیروز خود بنانے ہوں گے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے میاں نوازشریف زرعی یونیورسٹی میں انتہاءپسندانہ رویوں کے خاتمے کے موضوع پر منعقد ہونی والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ میں آج اس درس گاہ میں روشن اور توانا چہرے دیکھ رہا ہوں اور یہ نوجوان ہمارے ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جوقومیں ترقی کی راہ پر مستقل گامزن ہوتی ہیں ان میں بنیادی کردار ان کے نوجوانوں کاہوتا ہے اور ہمیں اپنے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کالوہا منوانے کے لیے ان کے لیے مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات میرے لیے خوش آئند ہے کہ پاکستان کی 22کروڑ عوام میں 65فیصد لوگوں کی عمر35سال سے کم ہے۔شہریارآفریدی نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے جب ریاست مدینہ کی بنیادرکھی تو انہوں نے صحابہ کی تعلیم وتربیت اور زندگی کا ہرشعبہ احسن انداز سے گزارنے کے طریقے بتائے جن کو صحابہ نے صدق دل سے نہ صرف قبول کیا بلکہ اسلام کی ترویج کے لیے دنیا بھر میں پھیل گئے اور نئی اکرم ﷺ کی تعلیمات کوعام کیا۔انہوں نے کہاکہ اسلام کی ترویج میں صحابہ نے بے شمار مشکلات کا سامنا کیا کیونکہ ان کایقین اپنے رب پرتھا اور وہ دنیاوی فائدے سے بڑھ کر خدا پر یقین رکھتے تھے۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے مقصد سے پیچھے ہٹ چکے ہیں اس کی وجہ سے خاص طورپر یہودیوں نے دنیا کی ہرٹیکنالوجی پر اپنا قبضہ کررکھا ہے۔اگر ہم سوچیں تو اسرائیل میں ایسی کیا بات ہے کہ اس کا ماضی اورحال ہمارے سامنے ہے جبکہ مسلم ممالک متحد نہ ہونے کی وجہ سے آج شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔مسلمانوں سے قبلہ اول چھین لیاگیا اور کشمیریوں مسلمانوں پر بھی بھارت ظلم ڈھارہاہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں دنیا کی ترقی یافتہ قوموں کامقابلہ کرنے کے لیے تمام شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا اوریہ کام ہماری نوجوان نسل بہتری انداز میں کرسکتی ہے۔ہم اپنا چھوٹا سا فائدہ حاصل نہ ہونے پر ریاست کو برابھلا کہناشروع کردیتے ہیں۔ہمیں اپنے رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔ اور ریاست کی ترقی میں اپناکرداراداکرنا ہوگا ۔شہریارآفریدی نے کہاکہ میں پشتون تحفظ موومنٹ(پی ٹی ایم) کو بتانا چاہتا ہوں کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور قبائلی کبھی اپنی ماں دھرتی کا سودا نہیں کرتے۔علی وزیر اور محسن داوڑ کو میں نے کہا تھا کہ آپ لوگ اب پارلیمنٹ میں آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم والوں کویہ بھی بتا دینا چاہتاہوں کہ دشمن زبان ،مذہب اور مختلف طریقوں سے ہم پر وارکررہا ہے جس کے لیے ہمیں چوکنا رہنا ۔آج پاکستان کی بقا پاک فوج کی وجہ سے ہے۔اگرہمارے پاس ایسی فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال بھی شام ،عراق جیسا ہوچکا ہوتا۔ ۔لہذا اپنے علاقے کی محرومیاں ختم کرنے پربھرپورتوجہ دو۔
انہوں نے کہاکہ افغانی بھی ہمارے بھائی ہیں ۔آج ان کو کرکٹ بھی پاکستان سکھارہا ہے۔کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور ہم کشمیر کا ہرسطح پر سیاسی، سماجی اور اخلاقی تعاون جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکناچاہیے اور ملک میں اتحاد کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکر ناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ میں اپنے ملک کی نوجوان نسل سے پرامید ہوں ۔وہ سوشل میڈیا کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ کشمیر کے حوالے سے بھی اپنی آواز بلند کریں تاکہ دنیا کے سامنے بھارت کا سیاہ چہرہ سامنے آسکے۔ انہوں نے کہاکہ اب دنیا کے سامنے مودی کاچہرہ عیاں ہوچکا ہے اوراس کے عزائم کھل کرسامنے آچکے ہیں۔