چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا 2روزہ سرکاری دورہ پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا 2روزہ سرکاری دورہ پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، متحدہ عرب امارات کی اعلی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقاتوں کے دوران ، دونوں فریقین نے دلچسپی کے مختلف شعبوں ، سیکیورٹی ، انسداد دہشت گردی اور بالخصوص کشمیر اور افغانستان کے حوالے سے موجودہ علاقائی صورتحال سمیت دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین فوجی انگیج منٹس کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے ابو ظہبی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش اور کانفرنس (آئی ڈی ای ایکس) اور نیول ڈیفنس اینڈ میری ٹائم سیکیورٹی نمائش (این اے وی ڈی ای ایکس) کا بھی دورہ کیا۔ جنرل ندیم رضا نے پاک بحریہ کے جہازوں کی شرکت کے ساتھ ساتھ پاکستان سے مختلف آرگنائزیشن کے قائم کردہ سٹالز کا بھی دورہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے عالمی سطح پر پاکستان کے دفاعی سازوسامان کی نمائش میں آرگنائزیشن کی کاوشوں کا سراہا۔نمائش کے موقع پر ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے اٹلی کے چیف آف ڈیفنس جنرل اینزو وکیسیاریلی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران ، جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں غیر ملکی صارفین کی ضروریات پوری کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے ۔