قبا ئلی ضلع مہمند میں پاک فوج کی جانب سے تقریری مقابلوں کا انعقاد

مہمند: قبا ئلی ضلع مہمند میں 103بریگیڈ کے زیر اہتمام ہائرسیکنڈری سکول کے طلباء کےدرمیان تقاریر اور ذہنی آزمائش مقابلوں کاانعقاد۔گزشتہ روز 103بریگیڈ کے زیر اہتمام ہائر سیکنڈری سکول کے بچوں کے درمیان گورنمنٹ ڈگری کالج لکڑاؤ میں تقریری اور ذہنی آزمائش کے مقابلے منعقد کئے گئے۔ ان مقابلوں کے پہلے مرحلے میں تحصیل صافی،امبار، پنڈیالی اور بیزئ کے ہونہار طالب علموں کے درمیان تحصیل لیول کے مقابلے ہوئے ان مقابلوں میں پوزیشن لینے والے طلباء کے فائنل مقابلے لکڑاؤ ڈگری کالج میں منعقد کروائے گئے۔اس موقع پر بریگیڈیئر رؤف شہزاد کمانڈر 103 بریگیڈ کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا۔علاقے کے مشران طلبا ء اور یوتھ کو بھی فائنل مقابلوں میں مدعو کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی نے طلباء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئےاس امر پر زوردیا کہ اس طرح کے تقریری اورمعلومات عامہ کے مقابلے مہمند میں ایک نئی روایات ہے۔جس کا مقصد طلباء میں ذمہ دار شہری بننے کا جذبہ پیدا کرنا اور آپس میں مقابلے کی فضا پیدا کرکے ماحول کو خوشگوار بنانا ہے۔اس طرح کے مقابلے طلبا ء میں سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ آپس میں بھائی چارہ کے فروغ کادرس بھی دیتے ہیں۔اس موقع پر اساتذہ نے 103 بریگیڈ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مقابلے نے ضلع مہمند میں ایک نئی سوچ کی بنیاد رکھی ہے۔اس طرح کے مواقع پیدا کر کے ہم طلباء کی ذہنی سطح کو بلند کرنے اور انہیں دیگر ترقی یافتہ شہریوں کے طلبا ء کے برابر لاسکتے ہیں۔آخر میں مہمان خصوصی نے کامیاب طلباء میں انعامات تقسیم کیۓ۔اس موقع پر اساتذہ طلباء یوتھ اور علاقے کے مشران نے 103 بریگیڈ کے اس اقدام کو سراہا ۔