پاکستان اور ایران دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہمیشہ سے مضبوط رہے ہیں، شوکت یوسفزئی

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر ثقافت و محنت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران دونوں ہمسایہ اور برادر ممالک ہیں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہمیشہ سے مضبوط رہے ہیں اور یہ وقت کیساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایرانی خانہ فرہنگ میں ایران کے 42 ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر ثقافت نے اس موقع پر پاک ایران دوستی دیوار کا افتتاح کیا اور پاکستان ایران کی تاریخی ثقافتی تصاویر بھی دیکھیں۔ کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی خیبر پختونخواکے ڈائریکٹر جنرل کامران آفریدی اور ایرانی قونصلیٹ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ثقافت کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔اور اس سلسلے میں کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ پاکستان کے ایران اور دیگر تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ ثقافت سمیت تمام شعبوں میں تعلقات بڑھا رہے ہیں۔ خیبر پختونخواکی ثقافت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کی ایک منفرد ثقافت ہے جسے بین اقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔ صوبائی حکومت علاقائی ثقافت کو بھی فروغ دے رہی ہے اور اس ضمن میں علاقائی سطح پر میلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔