آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس، قبائلی اضلاع میں اصلاحات پر جلد عملدرآمد کو وقت کی ضرورت قرار دیاگیا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: کورکمانڈر کانفرنس نے پرعزم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کااعادہ کیا ،مسئلہ کشمیر پرعالمی سطح پر آگاہی بڑھنے کو انتہائی مثبت قرار دیاگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت 239ویں کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔ شرکاءنے ملک، خطے اور بارڈرز کی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔کور کمانڈرز کانفرنس میں قبا ئلی اضلاع میں سیکیورٹی کی بہتر ہوتی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔کورکمانڈر کانفرنس نے ضم شدہ اضلاع میں اصلاحات پر جلد عملدرآمد کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل پر بھی غور کرتے ہوئے کہا گیا کہ علاقائی امن کے لیے افغانستان میں امن اور استحکام کا ہونا لازم ہے۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی اور بہتر ہوتی سیکیورٹی صورتحال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ یہ قربانیاں پاکستان سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی ختم کرنے کے لیے دی گئیں