گھر کے شیر اپنے ہی گھر میں ڈھیر، بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست

چنائی : انگلش ٹیم نے بھارتی شیروں کو گھر میں گھس کر ڈھیر کر دیا۔ چنائی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو227 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیکر4 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ ٹیسٹ کے آخری روز بھارتی ٹیم کو کامیابی کیلئے 381 رنز کی ضرورت تھی جبکہ اس کی 9 وکٹیں باقی تھیں۔ کوہلی الیون انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 420 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی اور دوسری اننگز میں محض 192 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 72 اور گل 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، جیمز اینڈرسن 3 جبکہ جوفرا آرچر، بین سٹوکس اور ڈوم بیس نے 1 ،1وکٹ لی ۔ اس سے قبل ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم 178 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔پہلی اننگر کی بڑی برتری کی بدولت بھارت کو جیت کے لیے 420 رنز کا ہدف ملا تھا۔ چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو وقفے وقفے سے بھارت کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری بھارتی ٹیم 337 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔بھارت کی جانب سے رشبھ پنت 91 اور واشنگٹن سندر 85 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈوم بیس نے 4 جبکہ جوفر آرچر، جیمز اینڈرسن اور جیک لیچ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگز میں برطانوی کھلاڑی بھی جم کر بیٹنگ نہ کرسکے اور پوری انگلش ٹیم 178 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوروٹ 40، اولی پوپ 28 اورڈوم بیس 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے ایشون نے 6 جبکہ شہباز ندیم نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں بھارت نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو روہت شرما جلد پویلین لوٹ گئے ، جب کھیل ختم ہوتا ہوا توشبمان گل 15 اور پجارا 12 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے واحد وکٹ جیک لیچ نے حاصل کی۔