حسن علی اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی، پاکستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سویپ

راولپنڈی: حسن علی اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو راولپنڈی ٹیسٹ میں 95 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز کلین سویپ کر لی، 370 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم 274 پر ڈھیر ہو گئی، اوپنر ایڈن مارکرم نے 108 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، حسن علی نے دوسری اننگز میں بھی تباہ کن بائولنگ کی اور 5 وکٹیں لے کر پاکستان کی جیت میں اہم کر دار ادا کیا، شاہین شاہ آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، حسن علی کو میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا جبکہ دوسری اننگز میں ناقابل شکست سنچری بنانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان سیریز کے بہترین پلیئر قرار پائے، پیر کو یہاں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز جنوبی افریقہ نے 370 رنز کے تعاقب میں 127 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو ایڈن مارکرم 59 اور وین ڈر ڈاسن 48 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے، ڈاسن گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، فاف ڈوپلیسی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس موقع پر ایڈن مارکرم اور تیمبا بووما نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 107 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 241 تک پہنچا دیا، مارکرم نے کیریئر کی پانچویں سنچری سکور کی، اس موقع پر جنوبی افریقہ کی جیت کے امکانات روشن ہو گئے تھے تاہم حسن علی نے لگاتار دو گیندوں پر ایڈن مارکرم اور کپتان کوئنٹن ڈی کاک کو آئوٹ کرکے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے، مارکرم 108 اور ڈی کاک صفر پر سلپ میں عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، جلد ہی شاہین آفریدی نے تیمبا بووما کو 61 کے انفرادی سکور پر آئوٹ کرکے پاکستان کو ایک اور اہم کامیابی دلا دی، جارج لنڈے 4 رنز بناکر حسن علی جبکہ کیشو مہاراج اور کگیسو ربادا بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کا شکار بنے، یاسر شاہ نے ویان مولڈر کو 20 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا، اس طرح جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 274 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی اور پاکستان نے یہ میچ 95 رنز سے جیت لیا، حسن علی نے پانچ، شاہین آفریدی نے چار اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ حسن علی کو میچ اور محمد رضوان کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔