پاک فوج کا چین سے ملنے والی انسداد کورونا ویکسین قومی مہم کیلئے دینے کا فیصلہ

راولپنڈی: چین کی پیپلز لبریشن آرمی اور چینی عوام کی طرف سے پاکستان کی مسلح افواج کے لئے ویکسین عطیہ کی گئی ہے جو چین کی فوج کی طرف سے دنیا بھر میں کسی بھی ملک کی فوج کو ویکسین کا پہلا عطیہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ’’نیشن فرسٹ ‘‘کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے چینی فوج کی طرف سے عطیہ کی گئی یہ ویکسین فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لئے قومی ویکسین مہم کے لئےعطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں فرنٹ لائن پر کام کرتے ہوئے قیمتی جانیں بچانے والا طبی عملہ اصل ہیرو ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے پیپلز لبریشن آرمی اور چینی عوام کی جانب سے ویکسین عطیہ کرنے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا گیا ہے۔