پاکستان دہشتگردی کی لعنت کے خلاف بین الاقوامی برادری کے ساتھ شراکت کیلئے پر عزم ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے تجزیاتی اور مانیٹرنگ ٹیم کی 27 ویں رپورٹ ،افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان، جماعت الحرار ۔ ایچ یو اے اور ان سے وابستہ دیگر گروپوں کی جانب سے پاکستان اور خطے کو لاحق خطرات سے متعلق پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید ہے۔پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خلاف بین الاقوامی برادری کے ساتھ شراکت کے لئے پر عزم ہے۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چو ہدری نے میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں عالمی برادری کی توجہ ٹی ٹی پی اور اس سے وابستہ دیگر دہشت گرد گروپوں کو دشمن انٹیلیجنس ایجنسیوں کی طرف سےحمایت اور امداد فراہم کرنے کی طرف مبذول کرائی تھی۔ اس حمایت کا ایک نتیجہ گذشتہ سال افغانستان میں ٹی ٹی پی کے ساتھ جے یو اے ، ایچ یو اے ، اور ایل ای جے کے دیگر الگ الگ گروپوں کا انضمام تھا۔ پاکستان نے سرحد پر تعینات سیکیورٹی فورسز پر ٹی ٹی پی کی جانب سے کراس بارڈر حملوں کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔ ترجمان نے افغانستان میں پاکستان دشمن عناصر کی سرپرستی میں سرگرم مخالف ایجنسیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے یو این مانیٹرنگ ٹیم(یو این ایم۔ٹی) کی کوششوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی ہے کہ افغانستان سے پیدا ہونے والے اس خطرے کو ختم کرنے کے لئے اے این ڈی ایس ایف اور آر ایس ایم مشترکہ کوششوں کا آغاز کرینگے۔