پانچ فروری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اورقربانیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے، محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے،مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق ہی حل ہوگا۔ پاکستان کے عوام اور ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آزادی کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ چئیرمن سینیٹ نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ5 فروری کا دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اورقربانیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے جسے ملک بھر میں بسنے والے تمام پاکستانی اور کشمیری بھر پور جذبے سے منا تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے۔مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق ہی حل ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو نظر بند کر دیا ہے اوربھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندوں کی آبادکاری کی سازش کو فروغ دے رہا ہے جسے ہر صورت میں ناکام بنایاجائے گا۔انہوں نے کہا کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت، ظلم وستم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں ہوا ہے اور دنیا بھر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات پر آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ بھارت کی موجودہ حکومت نے نہ صرف کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے ہیں بلکہ ہندوستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ اب وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے، جمہوریت پسند ممالک اور تنظیمیں کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اس مسئلے کے پُر امن حل کیلئے اقدامات اٹھائیں ہیں مگر بھارت کی ہٹ دھرمی اور جنونیت کی وجہ سے70 سال سے کشمیری عوام اپنے آزادی کے حصول کیلئے جانی، مالی قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آزادی کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔