کشمیریوں نے اپنےحق خود ارادیت کے حصول کیلئےعظیم قربانیاں پیش کی ہیں، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت غیر ذمہ دار ایٹمی ملک بن چکا ہے ، دنیا کو طویل عرصہ سے تصفیہ طلب تنازعہ کشمیر بھولنے نہیں دیں گے ، کشمیریوں نے اپنےحق خود ارادیت کے حصول کے لئے عظیم قربانیاں پیش کی ہیں ، اب ان کی آزادی کی منزل دور نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم آج کشمیریوں کو ان کی جدوجہد آزادی کے لئے عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں، پوری دنیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے آگاہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرا راج سے کشمیری مظالم کا شکار ہیں ، کشمیر کو 75لاکھ میں بیچا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں کشمیریوں پر مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے وعدے نہ بھولے ، اقوام متحدہ نے اپنی متعدد قراردادوں میں کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا ہے ، بھارت خود یہ معاملہ اقوام متحدہ میں لے گیا اور پھر خود اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے انکاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کو پیلٹ گنزسے نشانہ بنا رہا ہے ، بھارت نے 5اگست 2019کوآرٹیکل 37اور 35اے ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر دی ، کشمیر کی آبادی سے زیادہ وہاں بھارتی فوج تعینات ہے ، کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں ، وہ وعدے کے مطابق پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جارہاہے ، نئے ڈومیسائل کے ذریعے ہندو توا کے حامیوں کو کشمیر میں بسایا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیریوں کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو امن کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہاکہ اگر بھارت امن کے لئے ایک قدم اٹھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھیں گے، تاہم بھارت نے پلوامہ واقع کا بہانہ بنا کر پاکستان کے خلاف جارحیت کی جس کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا، بھارت کے اس رویئے سے ثابت ہوا کہ وہ غیر ذمہ دار ایٹمی ملک ہے ، اس کے اس طرح کے اقدام سے محدود ایٹمی جنگ چھڑ سکتی تھی ، بھارت میں انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کے لئے پاکستان کے خلاف الزام تراشی کر کے جارحیت کی گئی ، دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔