پاکستان نے افغان امن عمل میں مثبت کردار ادا کیا ہے، سیکرٹری جنرل ولادی میرنوروف

اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم ،ایس سی او کے سیکرٹری جنرل ولادی میرنوروف نے افغان امن عمل میں پاکستان کی ثالثی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔افغان امن عمل سے متعلق خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک افغان تنازعہ کا جلد از جلد تصفیہ چاہتے ہیں،جو خطے سمیت پوری دنیا میں امن و سلامتی کو مستحکم کرنے کیلئے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تنازعہ کا خاتمہ سیاسی مذاکرات اور انکلوژو امن عمل کے ‍ ذریعے افغان عوام کی رہنمائی میں ہی کیا جا سکتا ہے۔ ولادیمیر نوروف نے اس سلسلے میں دوحا میں بین الاافغان امن مذاکرات کا خیر مقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ اس کے افغانستان اور ایس سی او کے مابین کثیر الجہتی روابط پر مثبت ا ثرات مرتب ہونگے۔ سیکرٹری جنرل نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ولادیمیر نوروف نے تمام ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ افغانستان میں استحکام اور ترقی میں تعاون کریں۔غیر ملکی افواج کی موجودگی میں کمی کے تناظر میں افغانستان کی بحالی میں ایس سی او کے تعاون کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان علاقائی روابط کو مستحکم کرنے کیلئے افغانستان میں اعلی معیار کی ریلوے اور انرجی انفراسٹرکچر منصوبوں پر عملدر آمد انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانز ریجنل لاجسٹک پروسیس کی بہتری سے کثیر الجہتی تجارت اور اقتصادی روابط کو فروغ اور افغانستان کی صنعتی و زرراعت کو ترقی ملے گی۔