خیبرپختونخوا حکومت کی ڈبل شفٹ اسکولوں کے اساتذہ کو وظائف دینے کی منظوری

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ نے ڈبل شفٹ اسکولوں کے اساتذہ کو وظائف دینے کی منظوری دے دی، مارننگ شفٹ میں طلباء کا دباؤ زیادہ تھا، جس کو سیکنڈ شفٹ کے ذریعے کم کریں گے، خیبرٹیچنگ ہسپتال واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس10 لاکھ معاوضہ دیا جائے گا، صوبے میں بلدیاتی انتخابات15 ستمبر کو کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ خیبرپختونخوا میں 15 ستمبر2021 کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ واٹرریسورس ایکٹ پرعملدرآمد کیلئے واٹرکمیشن اوراتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔وزیرقانون نے کہا کہ ڈبل شفٹ اسکولوں کے اساتذہ کیلئے وظائف دینے کی منظوری دی گئی۔ ڈبل شفٹ کلاسز کے اساتذہ نجی اور سرکاری اساتذہ کو دیے جائیں گے، مارننگ شفٹ میں طلباء کا کافی دباؤ تھا، اس کو سیکنڈ شفٹ کے ذریعے کم کریں گے،مڈل کلاسز پرائمری سکولوں ، ہائی سکولوں کی کلاسز کو ہائر سیکنڈری سکولوں میں چلایا جائے گا۔قرآن پاک میں غلطیوں سے پاک طباعت اور اشاعت یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ایکٹ کے تحت خطیب، علماء پر مشتمل کمیٹی کی منظوری دی گئی ہے، اربن ماس ٹرانزٹ ایکٹ 2016ء میں بھی ترمیم کی منظوری دی گئی ہے، تاکہ کریم ، اوبردیگر کمپنیاں جو سروس دینا چاہیں ان کیلئے ریگولیٹری باڈی قائم کی جائے گی۔آن لائن سسٹم سے ٹیکس ادائیگیوں کو آسان بنایا جارہا ہے۔ خیبر پختونخوا پروبیشن اینڈ پیرول ایکٹ 2020 کے مسودے کی منظوری سمیت قاضی حسین احمد میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کو تحلیل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ گیس نیٹ ورک کی توسیع کیلئے 4.3 ارب روپے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یوتھ ڈویلپمنٹ کمیشن کیلئے بزنس رولز کی بھی منظوری دی گئی۔