اردن کی افواج کیساتھ دفاعی، سیکیورٹی تعاون کے فروغ کیلئے تیار ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اردن کی افواج کے ساتھ دفاعی، سیکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے تیار ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے ملاقات کی، جس میں باہمی و پیشہ ورانہ دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، اردن کی افواج کے ساتھ دفاعی، سیکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے تیار ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے علاقائی امن کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔دوسری جانب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے بھی اردن کے ہم منصب نے ملاقات کی، جس میں باہمی و پیشہ ورانہ دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں جانب سے عالمی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، میجر جنرل یوسف احمد نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔علاوہ ازیں میجر جنرل یوسف احمد کو جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔