کسی کو ملک کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید

پشاور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کسی دشمن کو ملک کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، خیبر پختونخوا کو تمام ضروری وسائل مہیا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ پشاور میں وزیراعلی محمود خان کے ساتھ مشترکہ طور پر امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخواڈاکٹر کاظم نیاز، آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی اور وزیر داخلہ کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے امن وامان کے حوالے سے صوبے کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے نے امن وامان کی صورتحال میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا، امن وامان حاصل کرنے کے لیے ہم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، کسی دشمن کو ملک کا امن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔اجلاس میں خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، صوبے بشمول ضم شدہ اضلاع میں میں امن عامہ کی تازہ صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے امن و امن کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور مزید بہتری کی مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا.