مہمند: کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت تحصیل پڑانگ غار میں شجرکاری مہم کا آغاز

مہمند: ضلع مہمند کی تحصیل پڑانگ غار میں 10بلین ٹری ایفاریسٹریشن پراجیکٹ اور کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت شجرکاری مہم کاباقاعدہ آغاز کیا گیا اور مقامی لوگوں میں مختلف قسم کےدو ہزار پودے مفت تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لوئر مہمند ڈاکٹر محسن حبیب,تحصیلدار جبار خان,محکمہ جنگلات کے نمائندے اور مشران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر محسن حبیب نے مشران کے ہمراہ مختلف قسم کے پودے بھی لگائے۔ اس موقع پر اے سی ڈاکٹر محسن حبیب صاحب کا کہنا تھا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور جنگلات انسانی زندگی کیلئے بہت اہم ہیں۔بڑھتی ہوئی آبادی اور جنگلات کے بے دریغ کٹائی سے انسانی نسل کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔نئے پودے لگانا اور جنگلات میں اضافہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت اور انسانی بقا کیلئے لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی اور ماحولیاتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پچیس فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے۔لیکن بدقسمتی سے جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور نئے پودے نہ لگانے کے سبب اب یہاں صرف تین فیصد رقبے پر جنگلات موجود ہیں جو کہ انتہا ئی ناکافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کی کامیابی کیلئے پر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور ہر شخص کو شجرکاری میں بھرپور حصہ لینا چاہئے۔انہوں نے مقامی مشران سے اپیل کی کہ عوام کو شجرکاری کی اہمیت سے اگاہ کرے تاکہ جنگلات میں اضافہ کیا جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں بھی بنجر زمین ہے اسکی نشاندہی کرے تاکہ وہاں پر پودے لگائیں جائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مکتبہ فکر کے لوگ اس مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور ادا کریں تاکہ ضلع مہمند سرسبزوشاداب ضلع بن سکیں۔