بھارتی ریاست کرناٹک میں دھماکہ، 10 افراد ہلاک

نئی دہلی : بھارتی ریاست کرناٹک میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائنامائیٹ سے بھری گاڑی میں دھماکہ ریاست کرناٹک کے علاقہ شیو موگا میں ہوا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دھماکہ مقامی وقت صبح 10 بج کر15 منٹ ہوا۔واقعہ کے بعد ایک ٹھیکدار کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس کو کان کنی کا کنٹریکٹ دیا گیا تھا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق جائے حادثہ پر کھڑی گاڑی میں بارودی مواد موجود تھا۔ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں کہ گاڑی کو کون اور کیوں لایا۔ دھماکے کے بعد علاقہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے ثبوت و شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ جس گاڑی میں دھماکہ ہوا وہ مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے علاقہ کو کلیئر قرار دیئے جانے کے بعد پولیس موقع پر موجود افراد سے تفتیش کا آغاز کرے گی۔