خیبر پختو نخوا میں سڑکوں میں موجود کھڈوں کی نشاندہی کیلئے موبائل ایپلیکیشن تیار

پشاور:محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا نے سڑکوں میں موجود کھڈوں کی نشاندہی کے لیے موبائل ایپلیکیشن کے اجراء پر کام کررہی ہے- عوام کسی بھی خراب سڑک کی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے نشاندہی کرسکیں گے منصوبہ پہلے مرحلے میں پشاور میں پائلٹ کیا جائے گا ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شکیل قادر خان کی زیر صدارت محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا میں جی آئی ایس سیل کے جائزہ اجلاس میں حکومت کو فیصلہ سازی میں معاونت کیلئے ٹیکنالوجی کے موثر انداز میں استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی- اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی ، چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی اور جی آئی ایس سیل کے حکام نے شرکت کی- موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے عوام کسی بھی سڑک میں موجود کھڈہ تصویر کے ذریعے رپورٹ کرسکیں گے جس پر متعلقہ محکمے کاروائی کے مجاز ہونگے-اجلاس کو جی آئی ایس سیل کی کارکردگی کے بارے میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا کے 35 اضلاع میں جی آئی ایس سیل کا قیام اور ان میں جی آئی ایس انالسٹ کی تعیناتی کی گئی ہے جو اضلاع میں موجود ترقیاتی منصوبوں کی آن لائن میپنگ کو یقینی بنا رہے ہیں-اجلاس کو بتایا گیا کہ جی ائی ایس کا آن لائن ویب سسٹم حکومت کو فیصلہ سازی میں معاونت فراہم کررہا ہے جو ترقیاتی منصوبوں میں دوہرائی کو روکتا ہے جی آئی ایس سسٹم کو محکمہ تعلیم کے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ اور پلاننگ کمیشن فارم مینیجمینٹ سسٹم کے ساتھ بھی منسلک کردیا گیا ہے تاکہ دوسرے محکموں کے ساتھ مل کر حکومت کی فیصلہ سازی کے لیے اعدادوشمار کو شفاف بنایا جاسکے -اجلاس کو بتایا گیا کہ جغرافیائی انفارمیشن سیل نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 18-2017 سے21- 2020 تک 8230 منصوبوں کے لیے 35817 مقامات کی آن لائن میپنگ مکمل کرلی ہے جو حکومت کی فیصلہ سازی کے لیئے آن ویب پورٹل پر دستیاب ہیں-سڑکوں میں کھڈوں کی رپورٹنگ کے لیے بنائی جانے والی ایپلیکیشن کو پاٹ ہول فکسر کا نام دیا گیا ہے جس پر جلد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھی بریفنگ دی جائے گی- حکومت خیبرپختونخوا عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنا رہی ہے-