محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کا 7 لاکھ سے زیادہ طلباء و طالبات کو فرنیچر کی فراہمی کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ امسال جون کے مہینے تک سات لاکھ سے زیادہ طلباء و طالبات کو فرنیچر فراہم کیا جائے گا۔ یہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت جاری کی کہ مقامی اضلاع کے ونڈرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے، کام کی بروقت تکمیل اور ان کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے اضلاع کی سطح پر خریداری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فریم ورک کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن فرنیچر کی خریداری کے لیے ٹینڈر اپلوڈ کرے گی اور ونڈرز کی شارٹ لسٹنگ بھی ڈائریکٹوریٹ لیول پر کی جائے گی۔ ونڈر کی سلیکشن کے بعد اضلاع کی سطح پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز فرنیچر کی خریداری کریں گے۔یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیرصدارت فرنیچر کی خریداری بارے منعقدہ اجلاس کے موقع پر پر ہوا۔سیکرٹری ایجوکیشن ندیم اسلم چودھری، سپیشل سیکرٹری فائنانس سفیر خان، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ڈائریکٹر ای ایس آر یو اشفاق خان، ڈائریکٹر کیپرا قاسم خان اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کے فرنیچر بشمول دیگر باقی ماندہ سہولیات کی فراہمی پر بھی اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات اور اساتذہ کو سہولیات فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ تمام تر توجہ معیاری تعلیم پر مرکوز رہیں۔