قبائلی ضلع خیبر میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کا افتتاح

پشاور:سی سی پی او پشاور عباس احسن کا ضلع خیبر کا تفصیلی دورہ،دورے کے موقع پر سی سی پی او نے اینٹی کار لفٹنگ سیل کا افتتاح کیا۔ ڈی پی او خیبر نے اینٹی کار لفٹنگ سیل کے حوالے سے سی سی پی او عباس احسن کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سی سی پی او نے اینٹی کار لیفٹنگ سیل کے مختلف سیکشنز کا جائزہ بھی لیا ۔ سی سی پی او نے پولیس افسران سے ملاقات کے دوران کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد تیزی کے ساتھ پولیس دفاتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ قبائلی عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے ۔ سی سی پی او نے کہا کہ خیبر میں اینٹی کار لیفٹنگ سیل کا افتتاح کیا گیا ہے جس کے قیام کی وجہ سے ضلع خیبر پولیس کی سرقہ شدہ گاڑیوں کو برآمد کرنے کی استعدادکار میں نمایاں بہتری آئیگی ۔ سی سی پی او نے دورے کے دوران ” گرین پاکستان “کے تحت پودا لگایا اور ملک و قوم کی ترقی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔دورے کے دوران ڈی پی او خیبر ڈاکٹر محمد اقبال نے سی سی پی او عباس احسن کو ضلع خیبر کے تمام تر سیکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی ۔ سی سی پی او نے اس موقع پر پولیس جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کو ضروری ہدایات دیں ۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو علاقہ کی رسم و رواج کا خیال رکھنے کی بھی سختی سے تاکید کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں اصلاحات کا عمل لائق تحسین ہے جس سے علاقہ میں ترقی کے ایک نئے دورکا آغاز ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پوری طرح مستعد ہے اورامن و امان کے قیام کی خاطر تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔سی سی پی اوعباس احسن نے سیکیورٹی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حقیقی معنوں میں خادم ہے جو عوام کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے ۔