بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے ویکسین بنانے والے پیداواری یونٹ میں آگ بھڑک اٹھی

پونے: بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے ویکسین بنانے والے پیداواری یونٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔تفصیلات کے مطابق جمرات کی شام بھارت کے شہر پونے میں سیرم انسٹیٹوٹ آف انڈیا کے پیدواری یونٹ کی پانچویں منزل میں آگ لگنے کے بعد فائربریگیڈ کوطلب کر لیا گیا ہے۔ آگ بھجانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 10سے زائد گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔یہ عمارت تپ دق کی مرض کے علاج کے لیے تیار کی جانے والی ویکیسن کو بنانے کے لیے استعمال میں تھی۔کمپنی کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ اس آتشزدگی کا اثر کورونا ویکسین کی تیاری پر نہیں پڑے گا۔کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سریش یادو نے آگ لگنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آتشزدگی سے متاثرہ یونٹ میں بی سی جی کی ویکسین تیار کی جاتی ہے جو کہ ٹی بی کے مرض میں ابتدائی طور پر دی جانے والی خوراک ہے۔واضح رہے کہ سیرم انسٹیٹوٹ آف انڈیا میں کورونا ویکیسن بھی تیار کی جا رہی تھی جو آسٹرازنیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے بنائی جا رہی تھی۔کووی شیلڈ ان دو ویکسینز میں سے ایک ہے جن کی بھارت میں ہنگامی استعمال کی منظوری دی گئی ہے۔